بھٹکل:27؍ فروری (ایس اؤ نیوز )میسور میں منعقدہ اسٹیٹ لیول اسپورٹس میں اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول بھٹکل کے طالب علم محمد طہ ابن حضرت علی، پول والٹ میں شاندار پرفارمینس پیش کرتے ہوئے دوسرا مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔ اسی کے ساتھ اس طالب علم کو قومی سطح کے پولٹ والٹ مقابلے کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔
اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسکول کے صدر مدرس شبیر احمد دفعدار نے بتایا کہ محمد طہ اسلامیہ اینگلواردو ہائی اسکول میں دسویں جماعت میں زیر تعلیم ہے۔
بتایا گیا ہے کہ میسورو میں منعقدہ اسٹیٹ لیول ڈپارٹمنٹل اسپورٹس میں ریاست کے 31 اضلاع سے6000 سے بھی زائد بچے شریک ہوئے تھے جن میں پولٹ والٹ مقابلے میں بھٹکل انجمن کے اس طالب علم نے بہترین پرفارمینس پیش کرتے ہوئے نہ صرف انجمن بلکہ بھٹکل اور ضلع اتر کنڑا کا بھی نام روشن کردیا۔ محمد طہ اب نیشنل لیول مقابلے میں شریک ہونے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ مگر نیشنل لیول اسپورٹس میٹ کب اور کہاں ہوں گے، اس تعلق سے ابھی کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے۔
انجمن صدر جناب ایڈووکیٹ مزمل قاضیا، جنرل سکریٹری جناب صدیق اسماعیل سمیت دیگر عہدیداران اراکین انتظامیہ، صدرمدرس اور دیگراساتذہ نے اس اہم کامیابی پر محمد طہٰ کے ساتھ ساتھ ان کے فزیکل انسٹرکٹر جناب رضا نپانی کو بھی مبارکباد پیش کی ہے۔
واضح رہے کہ میسور میں منعقدہ ریاستی سطح کے اسپورٹس کے الگ الگ مقابلوں میں اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول بھٹکل کی طرف سے چار طلباء شریک ہوئے تھے۔ جن میں پولٹ والٹ میں محمد طہ، شارٹ پوٹ اور ہیمر تھرو میں فیاض احمد، ڈسکس تھرو میں نثار احمد اور پرائمری سیکشن کے ڈسکس تھرو میں محمد نبان نے حصہ لیا تھا۔